چوری کے مینڈیٹ سے بنی حکومت کوئی تسلیم نہیں کریگا، اسد قیصر، اخترمینگل

28 فروری ، 2024

راولپنڈی(جنگ نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ چوری کے مینڈیٹ سے بنی حکومت کوئی تسلیم نہیں کریگا، ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور بی این پی سربراہ اختر مینگل کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ملکی صورتحال اور عام انتخابات کے نتائج کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ 8 فروری کے حوالے سے تمام جماعتوں کو تشویش ہے، یہ ملکی تاریخ کا دھاندلی زدہ الیکشن ہے، افسوس اس بات پر ہے کہ پنجاب میں مینڈیٹ کو چوری کر کے مریم نواز وزیر اعلیٰ بنیں، ان کی کابینہ بھی جعلی ہو گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ شفاف الیکشن اور آئین کی سربلندی کیلئے اکھٹے ہوں گے، جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور مینگل صاحب سے بات ہوئی ہے، تمام لوگ ہمارا ساتھ دینے کو تیار ہیں ۔ اختر مینگل نے کہا کہ ملک ایسے نہیں چل سکتا، بلوچستان میں دھاندلی کیخلاف چار جماعتوں کا اتحاد ہے۔