مراد علی شاہ نے تیسری بار سندھ کی وزارت اعلیٰ کاحلف اٹھالیا

28 فروری ، 2024

کراچی(جنگ نیوز) سندھ کے تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ منتخب ہونے والے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما سید مراد علی شاہ نے منصب کا حلف اٹھالیا۔گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مراد علی شاہ سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیا، اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر، پی پی پی رہنماؤں اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور قونصل جنرل سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔سندھ اسمبلی میں گزشتہ روز وزیراعلیٰ کے لیے مراد علی شاہ اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے امید وار علی خورشیدی کے درمیان مقابلہ ہوا تھا جہاں مراد علی شاہ نے 148 میں سے 112 جبکہ ایم کیو ایم کے امیدوار نے 36 ووٹ حاصل کیے تھے۔