صدر مملکت نے قومی اسمبلی اجلاس بلانے سے انکا ر نہیں کیا ، علی ظفر

28 فروری ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر بیرسٹر علی ظفرنے کہا ہے کہ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے انکا ر نہیں کیا ، صدر عارف علوی کا موقف آئینی ہے کہ وہ مخصوص نشستیں نوٹیفائی ہونے پر اجلاس بلالیں گے، آئین میں گنجائش نہیں کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلائے، میرا چیئرمین تحریک انصاف بننا مفادای ٹی آئی کے حق میں ہوا تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، صدر مملکت قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلائیں گے تو آئین میں متبادل راستہ ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس 29فروری کو بلالیا گیا ہے۔، میری کوشش ہے عمران خان رہا ہوکر چیئرمین کا عہدہ سنبھالیں، فی الحال بیرسٹر گوہر خان کو ہی چیئرمین برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور پیپلز پارٹی کی رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ بھی شریک تھیں۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا مخصوص نشستوں کا معاملہ ایک ماہ تک حل نہیں ہوتا تو کیا اجلا س نہیں ہوگا، نفیسہ شاہ نے کہا کہ عارف علوی ہمیشہ سے ایک متنازع صدررہے ہیں، جاتے ہوئے اپنی جماعت کو راضی کرنا چاہ رہے ہیں، بیرسٹر علی ظفر نے کہا آرٹیکل 51قومی اسمبلی میں تمام مخصوص نشستوں کا ذکر کرتا ہے، الیکشن کمیشن نے ابھی تک بہت سی مخصوص نشستیں نوٹیفائی نہیں کی ہیں ۔