پارلیمانی پارٹی نے اسمبلی کے بائیکاٹ کا فیصلہ نہیں کیا ،شیرافضل

28 فروری ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ہمارا ارادہ ہے 29 فروری کو حلف اٹھانے کیلئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے،پارلیمانی پارٹی نے اسمبلی کے بائیکاٹ کا فیصلہ نہیں کیا ،اسمبلی کے اندر رہ کر احتجاج کریں گے، ہمیں الیکشن کمیشن سے رتی بھر توقع نہیں کہ ہماری مخصوص نشستیں ہمیں دے گا،مریم نواز اپنی نشست ہارنے کے باوجود وزیراعلیٰ بن گئیں، الیکشن پر اربوں روپے خرچ کرنے کے بجائے انہیں ویسے ہی وزیراعلیٰ بنادیا جاتا،نمائندہ جیو نیوز شبیر ڈار نے کہا کہ عمران خان سے میں نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا آئی ایم ایف کو خط لکھا جاچکا ہے جو آج رات تک آئی ایم ایف حکام کو بھیج دیا جائے گا، میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے اکیسویں دن قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس ہونے جارہا ہے، یہ اجلاس صدر مملکت عارف علوی نے نہیں بلکہ آئین کی شق 91/2 کے تحت طلب کرلیا گیا ہے، جس کے بعد صدر مملکت اور نگراں حکومت بھی آمنے سامنے آگئے ہیں۔