نواز شریف نے ایاز صادق کو اسپیکر کیلئے نامزد کردیا، شہباز بہترین چوائس، اگلے دو سال سخت فیصلے کریں گے، قائد ن لیگ

29 فروری ، 2024

اسلام آباد(ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نےپارٹی کی جانب سے ایاز صادق کوقومی اسمبلی کااسپیکر نامزدکرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ حالات میں وزیراعظم کیلئے شہباز شریف بہترین چوائس ہیں‘پہلے دو سال مشکل ہوں گےجس میں سخت فیصلے کرنا ہوں گے ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کاکہناتھاکہ ہمارے دور میں جو ترقی ہوئی اس کی مثال ملکی تاریخ میں کم ہی ملے گی۔ہمارے مخالفین ماضی میں 35 پنکچروں کی بات کرتے تھے‘سیاست ضرور کریں مگر نظام کو خطرے میں نہ ڈالیں‘میں جب بنی گالہ میں ان کے گھر گیا تو یہی طے پایا تھا کہ سب مل کر چلیں گےمگرہمیں اطلاع ملی کہ لندن میں طاہر القادری اور ان کے درمیان اتحاد ہوا اور دھرنے دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قوم کے بچوں کو بدتہذیبی نہ سکھائیں ورنہ ان کا مستقبل کیا رہ جائے گا۔ہر بڑے منصوبے پر مسلم لیگ (ن) کی مہر لگی ہوئی ہے،آج پاکستان کو ٹھیک کرنا جان جوکھوں کا کام ہے‘انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ ڈیڑھ دو سالوں میں ملک مشکلات سے نکل جائے گا، ہم نے مل کر پاکستان کے زخم بھرنے ہیں، ملک کو مشکلات اور مصائب سے نکالنا ہے، نیت نیک ہو گی تو اﷲ تعالیٰ ضرور ہماری مدد کرے گا۔ہم نے عوام کو سکون دینا ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں کو کم کرنا ہے، اگر ہمت اور حوصلے کے ساتھ کھڑے رہے تو یقیناً ہمارا سفر آسان ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ دھرنے دینے والوں کو لانیوالے ملک کے بڑے مجرم ہیں‘دہائیوں سے ملک کو دیکھ رہاہوںمگر ایسا زخمی پاکستان پہلے کبھی نہیں دیکھا، واسطہ ایک بار پھر ایسے لوگوں سے پڑا ہے جن کی ذہنیت مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی۔مجھے سسیلین مافیا کہنے والے ججز آج کہاں ہیں؟، کیا وہ جج آج کسی کو منہ دکھانے کے لائق ہیں ،وہ جج جس نے چند مہینے میں ملک کا چیف جسٹس بننا تھا وہ استعفیٰ دے کر گھر جا رہا ہے‘یہ وہ جج تھے جنہوں نے میرے خلاف فیصلہ دیا، آج وہ سب کہاں ہیں۔