کابینہ تشکیل میں نوازشریف کی مرضی،اسحاق ڈار ہی وزیرخزانہ ہونگے،عرفان صدیقی

29 فروری ، 2024

اسلام آباد (فخر درانی) مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ کابینہ تشکیل کے فیصلے نواز شریف کی مرضی سے کئےجارہیں ، اسحاق ڈار ہی وزیر خزانہ ہوں گے ، چونکہ پیپلز پارٹی کو چیئرمین سینیٹ کا عہدہ ملے گا لہٰذا یہ تاثر غلط ہوگا کہ اسحاق ڈار چیئرمین سینیٹ ہوں گے۔ دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پارٹی میں ہر پالیسی فیصلہ یا وفاق یا پنجاب میں حکومت کی تشکیل کا فیصلہ نواز شریف کی مرضی سے کیا جا رہا ہے۔ اس سوال کہ کیا شہباز حکومت میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ہوں گے یا نہیں، کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار مارچ 2024ء میں سینیٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے اور توقع ہے کہ وہ ایوانِ بالا میں دوبارہ منتخب ہو جائیں گے۔ چونکہ پیپلز پارٹی کو چیئرمین سینیٹ کا عہدہ ملے گا لہٰذا یہ تاثر غلط ہوگا کہ اسحاق ڈار چیئرمین سینیٹ ہوں گے۔ حتمی طور پر اسحاق ڈار کو وفاقی کابینہ میں کوئی جگہ ملے گی اور غالب امکان ہے کہ وہ اگلے وزیر خزانہ ہوں گے۔