نواز شریف کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ،اتحادی رہنمائوں کی ملاقات

29 فروری ، 2024

اسلام آباد (فاروق اقدس/ نامہ نگار خصوصی) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس کے بعد اتحادی جماعتوں کے مرکزی راہنمائوں کا ایک وفد مولانا فضل الرحمان کے گھر واقعہ اسلام آباد پہنچا۔ ذرائع کے مطابق اس وفد کا بنیادی مقصد مولانا فضل الرحمان کو منانا تھا تاکہ وہ ایوان میں آکر اتحادی حکومت کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کریں۔ رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اتحادی راہنمائوں کے وفد نے مولانا فضل الرحمان کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ و ہ وزیراعظم ،اسپیکر ،ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں اتحادی حکومت کا ساتھ دیں ۔ تاہم ذرائع کے مطابق وفد کو خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ سینیٹر عبدالغفور حیدری نے دوٹوک بتایا کہ جے یو آئی (ف) حکومت سازی میں شامل نہیں ہوگی،انھیں سیاسی جماعتوں سے نہیں الیکشن کمیشن اور سکیورٹی اداروں سے تحفظات ہیں جنھوں نے انتخابات شفاف نہیں کرائے۔ ملاقات کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر، وزیراعظم اورصدرکیلئےووٹ کی درخواست لےکرآئے تھے، مولانا فضل الرحمان سے کل ہمارے قائدین کی ملاقات ہوگی۔ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے والے وفد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق اور رانا تنویر پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی سید خورشید شاہ اور نوید قمر کے علاوہ سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی، سینیٹر خالد مگسی، سینیٹر عبدالقادر، آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان اور (ق) لیگ کے سالک حسین شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ وفد میاں نواز شریف کی ہدایت پر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے ان کے گھر گیا تھا جہاں رات گئے تک مولانا فضل الرحمان کے موقف کے حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا۔