اسمبلی نامکمل ہے مخصوص نشستیں دی جائیں، اصل مینڈیٹ ہمارا ہے، عمر ایوب، بیرسٹر گوہر

01 مارچ ، 2024

اسلام آباد (ایجنسیاں )تحریک انصاف کے رہنماؤں عمرایوب اور بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ اصل مینڈیٹ ہماراہے ‘قومی اسمبلی کا ایوان نامکمل ہے‘ ہماری مخصوصی نشستیں ہمیں دی جائیں ‘قوم کا حقیقی لیڈر عمران خان ہے ‘اس وقت ایوان میں جعلی مینڈیٹ کے حامل لوگ بیٹھے ہیں ۔ جمعرات کوقومی اسمبلی اجلاس میں عمر ایوب خان نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان نامکمل ہے ہماری مخصوص نشستوں پر نامزد خواتین جیلوں میں بند ہیں اور جب تک وہ موجود نہ ہوں اس وقت تک اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب نہیں ہوسکتا ہے ‘اس موقع پر بیرسٹرگوہر علی خان نے کہا کہ کہ ہمیں انتخابات میں حصہ لینے سے روکا گیا ہمیں انتخابات کی کمپین کی اجازت نہیں دی گئی ہمارے پوسٹر گرائے گئے مگر اس کے باوجود عوام نے ہمیں بھاری مینڈیٹ دیا ہے‘ہمیں عوام نے 180 سے زائد نشستیں دی ہیں جو ہم سے چھینی گئی ہیں‘ عوام جانتی ہے کہ قوم کا حقیقی لیڈر عمران خان ہے اس وقت ایوان میں جعلی مینڈیت کے حامل لوگ بیٹھے ہیں ‘اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب اس وقت ہوسکتا ہے جب اسمبلی مکمل ہو اور اس وقت اسمبلی مکمل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ ایوان نامکمل ہے جب تک ہمارے مخصوص نشستیں پوری نہیں ہوتی ہیں اس وقت تک یہ انتخاب نہیں ہوسکتا ہے۔