سپریم جوڈیشل کونسل ، مظاہر نقوی کیس میں مزید دو گواہان کے بیانات ریکارڈ

01 مارچ ، 2024

اسلام آباد (جنگ رپورٹر)سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے سابق جج ، مظاہر علی اکبر نقوی کیخلاف مس کنڈکٹ کے الزامات کے معاملے میں پرائیویٹ گواہ نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے مالک زاہد رفیق سے متعلقہ دستاویزات طلب کرتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ جوابدہ جج چاہیں تو اپنے وکیل کے ذریعے گواہوں پر جرح کرسکتے ہیں،جبکہ سپریم جوڈیشل کو نسل کے چیئر مین /چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے واضح کیا کہ آج دوبارہ کہہ رہے ہیں کہ اگر جوابدہ جج کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع کیلئے کچھ ہے ہی نہیں، کیپیٹل سمارٹ سٹی اور لاہور سمارٹ سٹی کے مالک زاہد رفیق نے حلف پر اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ دو کمرشل پلاٹس،فی پلاٹ قیمت 80لاکھ روپے کے حساب سے بھی مظاہر نقوی کے دونوں بیٹوں کو دیے تھے۔