9 مئی کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، پولیس ایک ہفتہ میں تمام غلط FIRs ختم کرے ورنہ سزا کیلئے تیار ہوجائے، نومنتخب وزیراعلیٰ KPK

02 مارچ ، 2024

پشاور(ایجنسیاں)خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نےچیف جسٹس سے 9مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس ایک ہفتے میں تمام غلط ایف آئی آرزختم کرے ورنہ سزاکیلئے تیار ہوجائے ‘بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری رہاکیاجائے ‘جو ظلم ہوا اس کا ازالہ کریں اور اپنی اصلاح کریں‘ملک اور ادارے ہمارے ہیں ‘ انتقام نہیں لینا چاہتے‘ہم حق لینا بھی جانتے ہیں اور چھیننا بھی مگر خداراہمیں مجبور نہ کیا جائے‘پوری قوم جان گئی ہے کہ اصل سلیکٹڈکون ہے ‘چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں ۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی نے علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ منتخب کرلیا ‘ انہوں نے 90ووٹ حاصل کئےجبکہ مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر عباداللہ نے 16ووٹ لئے۔علی امین گنڈا پور آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اسمبلی میں پہلی تقریر کے دوران علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے اعتماد پر پورا اتروں گا‘میرا لیڈر صحیح کہتا تھا کہ ہم آزاد نہیں غلام ہیں، حقیقی آزادی ہماری ضرورت ہے ۔ نومنتخب وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ فری اینڈ فیئر ٹرائل کیا جائے، ہمارے لیڈر کو جلد رہا کیا جائے‘ایسا نظام چاہتے ہیں کہ کوئی بھی زیادتی نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے گھر پر تھاجب مجھ پر 9 مئی کی 9 ایف آئی آرز کاٹی گئیں، اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے توآئیں مجھے گرفتار کرلیں‘میرے کارکنوں‘ خواتین اور لیڈر پر غلط ایف آئی آرز ختم کریں، چیف جسٹس سے مطالبہ ہے 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، آئی جی بے قصور افراد کے خلاف مقدمات ایک ہفتے میں ختم کریںیا سزا کیلئے تیار رہیں۔