آج بھی وقت ہے ووٹ اور مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے،عامر ڈوگر

02 مارچ ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ آج بھی وقت ہے ووٹ اور مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ لگانے والے اسمبلیوں میں منہ لٹکائے بیٹھے ہیں،مولانا فضل الرحمٰن، محمود خان اچکزئی اور اختر مینگل کے ساتھ اتحاد بنانے کی کوشش کررہے ہیں، حالات اس نہج پر ہیں کہ کوئی وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھنے کیلئے تیار نہیں ہے،ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں مولانا فضل الرحمٰن کی شکایات جائز ہیں، مولانا فضل الرحمٰن اور نوا ز شریف دونوں ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں، مجھے یقین ہے مولانا فضل الرحمٰن پی ٹی آئی کے ساتھ سڑکوں پر نہیں ہوں گے، عمران خان سولہ ماہ میں کسی لمحہ بھی حکومت کیلئے خطرہ نہیں بن سکے۔تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم سیاسی فورس ہیں کوئی ٹارزن یا جہاد نہیں ہیں، ہم ووٹ کی طاقت کے ذریعہ آگے بڑھنا چاہتے ہیں، ہمارا مینڈیٹ تسلیم کر کے ہماری سیٹیں واپس دلوائی جائیں ، عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے کارکنوں و رہنمائوں کو رہا کیا جائے۔