جنہوں نے ہمارے خلاف ووٹ دیا انہیں بھی رمضان پیکیج دیاجائے،وزیراعلیٰ مریم نواز

02 مارچ ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک ماہ میں تجاوزات کا خاتمہ اور پورا پنجاب صاف چاہیے، تمام اضلاع کا سرپرائزوزٹ کروں گی،جنہوں نے ہمارے خلاف ووٹ دیا انہیں بھی رمضان پیکیج دیا جائے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا اگر کسی جگہ بیسن یا کسی چیز میں مسئلہ نظر آتا ہے تو اسے چیک کیا جائے ، ہدایت کرتی ہوں لاہور میں کسی بھی جگہ کوڑاکرکٹ نظر نہیں آئے، میں خود جا کر لاہور کی گلی گلی، محلہ محلہ جا کر چیک کروں گی۔ وزیر اعلی پنجاب سے برٹش ہائی کمشنر جین میری ایٹ نے ملاقات کی ، لاہور آفس کی سربراہ کلاراسٹرینڈ ہوج بھی موجود تھیں، جین میری ایٹ نے پہلی خاتون وزیر اعلی بننے پر مبارکباددی ۔ملاقات میں پنجاب کے طلبا کے لئے اعلی برطانوی یونیورسٹیوں میں سکالر شپ بڑھا نے، گرلز ایجوکیشن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔موسمیاتی تبدیلی اورماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے ائیر کوالٹی انڈکس ٹیکنالوجی کے تبادلے پر گفتگوکی گئی ، مریم نواز نے کہا آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کے لئے برطانوی اداروں کوتمام ممکنہ سہولتیں فراہم کریں گے ، وزیر اعلی نے دکانوں کے سامنے سامان رکھنے کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیا ہے اور سامان ہٹانے کیلئے انتظامیہ کو ایک ماہ کی مہلت دی۔ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ راستوں، بازاروں میں ٹریفک بندش اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے اوردکاندار سامان اپنی دکانوں کی حدوں میں رکھیں ،وزیر اعلیٰ نے کمالیہ میں بارش کی وجہ چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر جاں بحق افراد کی مغفرت کے لئے دعا کی ،پنجاب بھر میں زیادہ بارشوں کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ اور دیگر اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ۔