14اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ،مہنگی بڑھ کر 32.73فیصد ہوگئی

02 مارچ ، 2024

اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) ملک میں ماہ فروری میں مہنگائی کی شرح 23.06فیصد رہی جبکہ جولائی تا فروی کے 8ماہ میں اوسط مہنگائی کی شرح27.96فیصد رہی جبکہ رواں ہفتے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 1.27فیصد اضافہ ہوا جس سے حساس اعشاریوں کے انڈیکس کے مطابق مہنگائی کی شرح بڑھ کر 32.73فیصد ہو گئی ،پاکستان بیورو آف شماریات کےا عداد وشمار کے مطابق کنزیومرپرائس انڈیکس کے مطابق فروری میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 0.24فیصد اور دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 0.25فیصد اضافہ ہوا جبکہ مجموعی طورپر مہنگائی کی شرح 23.06فیصد رہی ، فروری میں جن اشیا ء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں تازہ پھل 6.87فیصد ، شہد 3.18فیصد، مچھلی 3.14 فیصد، بیسن 2.47فیصد ، دال مونگ 2.16فیصد ، دال چنا 1.48فیصد ، گوشت 1.23فیصد ، چنا 1.15فیصد ، مصالحہ جاتے 1.06فیصد ، مشروبات 0.75فیصد ، خشک پھلوں کی قیمت میں 0.60فیصد ، پھیلیاں 0.45فیصد ، چاول 0.45فیصد اور دال ماش کی قیمت میں 0.34فیصد اضافہ ہوا ، گیس چارجز 10.04فیصد ، موٹرفیول 3.53فیصد فرنیچر 1.78فیصد ، گھریلو مصنوعات 1.06فیصد ، بجلی 0.90فیصد ، ٹرانسپورٹ 0.68فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔