صدارتی انتخاب کے شیڈول کی منظوری دے دی، پولنگ 9مارچ کو ہوگی

02 مارچ ، 2024

اسلام آباد( طاہر خلیل) الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کے شیڈول کی منظوری دیدی ، پولنگ 9 مارچ کو ہوگی ، شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی آج 2مارچ کو دوپہر 12 بجے تک جمع کروائے جا سکتے ہیں جن کی جانچ پڑتال 4مارچ کو صبح 10 بجے کی جائے گی۔کاغذات نامزدگی 5مارچ کو دوپہر 12 بجے تک واپس لیے جا سکیں گے ،اسی روز دوپہر ایک بجے امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی۔صدارتی انتخاب کے لیے9 مار چ کو پولنگ صبح 10 بجے سے دوپہر 4 بجے تک جاری رہے گی۔ جمعرات کو اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھایا تھا جمعہ کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کرائی گئی ۔قومی اسمبلی میں اراکین کے حلف کے بعد صدارتی الیکٹورل کالج مکمل ہو گیا ۔ وفاقی حکومت سازی کے فارمولے کے مطابق پیپلز پارٹی نے صدر کے لیے سابق صدر آصف علی زرداری کو نامزد کیا ہے جس کی اتحادی جماعتوں نے بھی تائید کر دی جب کہ پی پی نے صدارتی مہم کے لیے چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی جو مختلف جماعتوں سے رابطہ کرکے آصف زرداری کو ووٹ دینے کے لیے قائل کرے گی۔