سپیکر ، ڈپٹی سپیکر کاانتخاب غیر آئینی ،PTI، آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

02 مارچ ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بغیر نامکمل قومی اسمبلی کے ایوان سے سپیکر ، ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کی کارروائی کر کے آئین کو ایک بار پھر پیروں تلے روند دیا گیا۔ جعلی مینڈیٹ کی بنیاد پر جعلی حلف اٹھانے والوں کیخلاف ملک بھر میں آج بروز ہفتہ احتجاج کیا جائے گا۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ترجمان نے قومی اسمبلی کی کارروائی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نامکمل ایوان سے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر جعلی حلف اٹھانے والوں کے سہارے منتخب ہونے والے سپیکر یا ڈپٹی سپیکر کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہو گی۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نے اعلان کیا کہ پاکستان کے عوام اپنا چوری شدہ عوامی مینڈیٹ واپس حاصل کرنے کیلئے عمران خان کی ہدایت پر انتخابی دھاندلی کے خلاف آج ہفتہ ملک بھر میں پرامن احتجاج کرینگے ۔