اسلام آباد (رپورٹ : عاصم جاوید) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے عدالتی حکم کے باوجود ایم پی او جاری کرنے پر توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنراسلام آباد، SSP آپریشنز،SHOتھانہ کوہسار کو قید وجرمانے کی سزاسنا دی ۔عدالت نے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کو اختیارات سے تجاوز اور مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 6ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ، ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر کو چار ماہ قید ایک لاکھ روپے جرمانہ ، ایس ایچ او ناصر محمود کو دو ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ایس پی فاروق بٹر کو کیس سے ڈسچارج کر دیا۔ادھر فیصلے کے بعد ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر نے توہین عدالت کیس کا فیصلہ چیلنج کر دیا ، عدالت نے سزائیں مختصر ہونے کے باعث معطل کرتے ہوئے کہا کہ اپیل کیلئے 30 روز کا وقت ہے ، 30 روز کے اندر انٹرا کورٹ اپیل میں سزا معطل نہ ہو تو ملزمان کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل رکھا جائے۔ عدالت نے کہا کہ جرمانے کی رقم ان تمام افراد میں برابر تقسیم کی جائے جن کیخلاف مئی تا ستمبر نظربندی کے احکامات جاری کئے گئے۔ عدالت نے واضح کیا کہ یہ جرمانہ ان افراد کیلئے غیر قانونی نظربندی کا ہرجانہ نہیں بلکہ ایک علامتی اقدام ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے عدالتی فیصلے کی نقل وزیر اعظم کو بھی ارسال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس بات کی تحقیقات کی ضرورت ہے کہ کیا ایم پی او کے تحت نظربندی احکامات کیلئے کوئی پالیسی موجود تھی؟ کیا ایم پی او آرڈرز آئین ، قانون اور عدالتی احکامات کیخلاف منظم انداز میں جاری کئے گئے؟ وزیراعظم تحقیقات کرائیں کہ کیا ایم پی او آرڈر کسی غیر قانونی احکامات کی بنیاد پر جاری کئے گئے؟ کیا ایم پی او آرڈرز کو شہریوں کے بنیادی حقوق کو پامال اور عدلیہ کے وقار کو مجروح کرنے کیلئے استعمال کیا گیا؟ اگر ایسا ہے تومناسب اقدامات کر کے یقینی بنائیں کہ ریاست کو منتخب عوامی نمائندوں کے ذریعے چلایا جائے۔بعد ازاں عدالت نے 73 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا کہ یہ عدالت ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر اور ایس ایچ او مارگلہ کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو 6 ماہ قید ، ایک لاکھ روپے جرمانہ،ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کو 4 ماہ قید، ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ایس ایچ او مارگلہ کو 2 ماہ قید، ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی جاتی ہے۔ تینوں ملزمان اپنی سزا اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کاٹیں گے۔ تینوں ملزمان کی سزا ایک ماہ تک معطل رہے گی تاکہ وہ فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر سکیں۔ تینوں ملزمان سرکاری عہدوں پر فائز ہیں جن کی فوری معذولی سے کار سرکار میں خلل پیدا ہو گا۔ سزا معطلی سے حکومت کو اس فیصلے پر عملدرآمد کا معقول وقت بھی مل جائے گا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ تینوں ملزمان پر عائد جرمانے کی رقم ان تمام افراد میں برابر تقسیم کی جائے جن کی مئی تا ستمبر نظر بندی کے احکامات جاری کئے جاتے رہے۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ تینوں ملزمان کا تعلق بیوروکریسی سے ہے جو اپنے اختیارات کا استعمال صرف قانون کے مطابق کر سکتے ہیں۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ سرکاری افسران قانون کو بنیادی حقوق کے تحفظ کے بجائے شہریوں کیخلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کریں۔ یہ بھی نہیں ہو سکتا کہ سرکاری افسران اپنی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے عدلیہ کے احکامات کی خلاف ورزی اور توہین کریں ۔فیصلے کے بعد اپیل میں کہا گیا کہ کیا سنگل بنچ کا فیصلہ نظر بندی کے قانون سے مطابقت رکھتا ہے؟ کیا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے روئیے اور برتاو سے توہین عدالت کا تاثر سامنے آیا؟ کیا یہ پورا مقدمہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے؟ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بری کیا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد کی توہین عدالت کیس میں سزا کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر بنچ تشکیل دے دیا ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ ڈی سی اسلام آباد اور دیگر کی انٹراکورٹ اپیلوں پر 4 مارچ کو سماعت کرے گا۔
ا سلام آباد چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے رمضان نیکیوں، بھلائی اور قربانی کا مہینہ ہے یہ مقدس...
اسلام آباد صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ٹیسلا کو نقصان پہنچانے والے بیس سال کیلئے جرمانے کے ساتھ جیل بھیجے جا...
اسلام آ باداظہار رائے کی آزادی کئی ملکوں میں پابندیوں کی وجہ سے ایک خواب بنتا جا ر ہاہے، یہ انکشاف ڈنمارک کے...
اسلام آباد سپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی و امریکی صدر کے مشیر ایلون مسک کی سٹارلنک انٹرنیٹ سروس کو پاکستان میں...
اسلام آبادسابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ نواز شریف نے بلوچستان میں امن وامان کی بحالی کیلئے...
اسلام آبادسینٹ قائمہ کمیٹی صنعت وپیداوار نے چینی کی قیمتوں کو فکس کرنے کے معاملے پرکمپیٹیشن کمیشن آف...
اسلام آ باد وفاقی و صوبائی افسران کی گریڈ 19 میں ترقی کیلئے لازمی مِڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کیلئے نامزد افسران...
اسلام آباد صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان اور عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 180 روز کی...