شہباز شریف اور صادق سنجرانی کی ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد

02 مارچ ، 2024

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نامزد وزیر اعظم شہباز شریف نے سردار ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے، اپنے تہنیتی پیغام میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سردار ایاز صادق نے تیسری مرتبہ سپیکر منتخب ہوکر ایک منفرد مثال قائم کی ، وہ ایک تجربہ کار اور باصلاحیت سیاستدان ہیں، جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ میں یقیناً اپنا فعال کردار ادا کرینگے۔ادھرچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ سردار ایاز صادق کا بطور سپیکر قومی اسمبلی انتخاب ان کے تجربے اور صلاحیتوں پر اتحادی جماعتوں کی قیادت کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ صادق سنجرانی نے غلام مصطفیٰ شاہ کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔