سینیٹر بہرامند خان کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کی قرارداد،پی پی کی لاتعلقی

03 مارچ ، 2024

اسلام آباد (ممتاز علوی)سینیٹر بہرامند خان تنگی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کے لیے قرارداد جمع کرادی جس پر پیر کو بحث کی جائے گی۔ سینیٹ کی ویب سائٹ کے مطابق تنگی، جو پی پی پی پی کے سینیٹر بنے ہوئے ہیں، کو حال ہی میں پارٹی کی جانب سے پارٹی کی پالیسی لائنوں سے انحراف کرنے پر ’لاتعلقی‘ کا اظہار کیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ملک میں نوجوان نسل کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، یہ پلیٹ فارم ہمارے مذہب اور ثقافت کے خلاف اصولوں کے فروغ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، زبان اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں نفرت پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے افواج پاکستان کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کے ذریعے ملکی مفادات کے خلاف ایسے پلیٹ فارمز کے استعمال پر تشویش کا اظہارکیا۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے پلیٹ فارم کو مفاد پرست افراد مختلف مسائل کے بارے میں جعلی خبریں پھیلانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور نوجوان نسل کو دھوکہ دینے کے لیے ملک میں جعلی قیادت پیدا کرنے اور اسے فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔