16 ماہ کی حکومت کا ڈنکے کی چوٹ پر دفاع کرتا ہوں، حنیف عباسی

04 مارچ ، 2024

اسلام آباد (این این آئی)رہنما مسلم لیگ (ن) حنیف عباسی نے کہا ہے کہ اس وقت کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے حکومت پھولوں کی سیج نہیں ہے، 16 ماہ کی حکومت کا ڈنکے کی چوٹ پر دفاع کرتا ہوں۔اتحادی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ تحریک انصاف کا ہمیشہ سے ہی دھاندلی کا بیانیہ رہا ہے، پوری قوم کو بتایا ہے کہ روز جو دھاندلی کا رونا رویا جا رہا ہے یہ ہمیشہ سے چلا آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا وقت نہیں دیکھا، پاکستان میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے، اس وقت کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے حکومت پھولوں کی سیج نہیں ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ 16 ماہ کی حکومت کا ڈنکے کی چوٹ پر دفاع کرتا ہوں، نگران حکومت نے دن رات محنت کی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی چیلنجز سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے، ملک کو جمہوریت کی طرف لے جانا ہمارا فرض ہے، تمام اتحادیوں کو شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہے۔اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما امین الحق نے کہا ہے کہ 8 فروری کو شفاف اور منصفانہ انتخابات ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ آئینی اور جمہوری طریقہ اپنایا، ہم عوامی مسائل حل کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں، ایم کیو ایم اپنی اتحادی مسلم لیگ (ن)کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی خواہش ہے کہ سیاسی ڈائیلاگ شروع کیے جائیں، لڑائی، جھگڑا، دنگا فساد مسائل کا حل نہیں۔