ٹیکس ریکوری کیلئے پنجاب کے10بڑے شہروں میں نگران افسر مقرر

04 مارچ ، 2024

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے ٹیکس ریکوری مہم کو تیز کرنے کیلئے صوبہ کے10بڑے شہروں میں نگران افسر مقرر کر دئیے ہیں، جاری احکامات کے مطابق ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے ریکوری مانیٹرنگ سیل کے امور کو چلانے اور پہلے سے جاری ریکوری مہم کو سپروائز کرنے کیلئے نگران مقرر کر دئیے ہیں، لاہور کے ریجن اے ، بی ، سی ، ڈی کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد سمیر ، راولپنڈی ، گجرات اور گوجرانوالہ کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فیصل شہزاد ، سرگودھا ، فیصل آباد اور ساہیوال کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر (ریویژن پٹیشن) ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن طاہرہ جاوید چٹھہ جبکہ ملتان ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد خالد حفیظ کو سپروائزر مقرر کیا گیا ہے،تمام نگران روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے ریجنز کی رپورٹ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کو بھجوانے کے پابند ہوں گے اور اپنی سفارشات اور تجاویز بھی پیش کریں گے، اس حوالے سے ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب فضہ شاہ کی جانب سے آفس آرڈر جاری کر دیا گیا ہے۔