ہم الیکشن جیت چکے،جعلی حکومت کو چلنے نہیں دینگے،سنی اتحاد کونسل

04 مارچ ، 2024

راولپنڈی (جنگ نیوز)سنی اتحاد کونسل نے کہا ہے کہ ہم الیکشن جیت چکے ہیں،جعلی حکومت کو چلنے نہیں دیں گے،احتجاج جاری رکھیں گےجب کہ ایم کیوایم رہنما فاروق ستارکاکہنا ہے کہ پی پی نے صدارتی انتخاب کے لیے ایم کیوایم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔اتوارکوپی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے رکن عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ جعلی حکومت کو نہیں چلنے دیں گے۔عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ جب تک چھینا گیا مینڈیٹ واپس نہیں ملتا تب تک ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گی ، پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کی رکنِ قومی اسمبلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جیت چکی ہے، اس وقت صرف خانہ پُری ہو رہی ہے۔دوسری جانب اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ابھی تک پیپلز پارٹی نے صدارتی انتخاب کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ رابطہ کریں گے تو ہم بھی 15 سال کا حساب مانگیں گے،فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی بات کرنا چاہے تو ہمارے دروازے کھلے ہیں۔