اقتدار میں بیٹھے لوگ عوام سے تمام سہولیات چھین رہے ہیں، خالد فاروق

04 مارچ ، 2024

میرپور(آئی این پی )مرکزی رہنما،ممبر رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ خالدفاروق ایڈووکیٹ نے کہا کہ میرپور آٹے کے کوٹے میں اضافہ کی بجائے کمی کرنا بدترین اقدام ہے۔ میرپور کے آٹے کے کوٹے میں اضافہ نہ کیا گیا توشدید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ میرپور کے لوگوں نے ہر بار قربانیاں دیں ہیں مگر اب انہیں قربانی کا بکرا ہی نہ بنا لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں اپنے ایک بیان میں کیا۔ خالد فاروق نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ہی کوٹے میں اضافہ کر دیا جائے ورنہ راست اقدام اٹھائیں گے، حکمران کسی ایک علاقے کے نہیں پوری ریاست کے حکمران بنیں، اہلیان میرپور ٹیکس بھی سب سے زیادہ دیں اور مسائل کا بھی سب سے زیادہ شکار رہیں یہ کہاں کا انصاف ہے ،ریاست عوام کیلئے ماں کی حیثیت رکھتی ہے مگر اس ریاست کے ایوان اقتدار میں بیٹھے لوگ عوام سے روٹی پانی، بجلی آٹا صحت سب سہولیات چھین رہے ہیں ایسے ٹولے کا اقتدار میں رہنا عوام کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اللہ سے ڈریں ورنہ یہاں بھی اور آخرت میں بھی ان کا حساب ہو گا ۔ میرپور کے لوگ محبتیں بانٹنے والے ہیں جب بھی ملک وقوم کو ضرورت پڑی انہوں نے ہر قربانی دی زلزلہ ہو سیلاب ہو یا قدرتی آفت بھی ہم نے سب قربان کر دیا مگر آج ایوان اقتدار میں بیٹھے ٹولے نے میرپور کے عوام کو ان کا حق دینے کی بجائے ان کے حق پر کٹ لگانا شروع کر رکھا ہے، آٹے کے کوٹے میں اضافہ کی بجائے کمی کرنا بد ترین اقدام ہے۔