مظفر آباد: پولیس کی مبینہ غفلت، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں اضافہ

04 مارچ ، 2024

مظفرآباد (این این آئی) دارالحکومت مظفرآباد میں ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی روایتی غفلت اور پولیس کی بے حسی کے باعث ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگیا۔گزشتہ چند ماہ سے مظفرآباد میں گاڑیوں کے شیشے کالے کر کے گاڑیاں چلانے کا رجحان زور پکڑ گیا ہے۔مخصوص مافیا نے گاڑیوں کے شیشوں پر کالی سکرینز نصب کر کے مشکوک سرگرمیاں شروع کررکھی ہیں اور بعض افراد نے اپنی پرائیویٹ گاڑیوں پر پولیس اور حساس اداروں کے جعلی مونو گرام کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ گاڑیوں پر حساس اداروں سے ملتے جلتے ایریل پرائیویٹ گاڑیوں پر ہوٹر اورحساس اداروں کے لیے مخصوص ہارن بھی نصب کررکھے ہیں مگر پولیس اس نئے مافیا کے خلاف کارروائی نہیں کررہی۔خصوصی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد اور مضافات میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ٹریفک پولیس محض خانہ پری کے لیے کارروائیاں کررہی ہے،ٹریفک پولیس کی ساری جدوجہد رکشہ اور بائیکیا کے چالان کرنے تک محدود ہے کیونکہ چالان سے انہیں کمیشن ملتا ہے۔