ہماری نیک خواہشات نو منتخب حکومت پاکستان کیساتھ ہیں، سردار عتیق

04 مارچ ، 2024

مظفرآباد(جنگ نیوز )صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمد نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر دل کی گہرائی سے مبارک با دی ہےد ،سردار عتیق نے کہا کہ پاکستان اس وقت ان گنت مسائل کا شکار ہے اور اندرونی بیرونی دونوں محاذوں پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ شہباز شریف اور انکے اتحادیوں کو ان تمام مسائل سے عہدہ برآ ہونا ہے۔ پاکستان کے استحکام کے راستے پر ڈالنے میں ایک بہت بڑی رکاوٹ اداروں کا تال میل اور ہم آہنگ نہ ہونا ہے۔ میاں شہباز شریف ماضی قریب میں ثابت کرچکے ہیں کہ وہ تمام اہم اداروں کے درمیان تال میل قائم رکھنے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان چونکہ اہل کشمیر کی آخری محفوظ ترین پناہ گاہ اور منزل مقصود ہے اس لئے ہر کشمیری پاکستان کو نظریاتی، سیاسی، معاشی، دفاعی اور جمہوری طور پر مستحکم اور مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل کا بہترین ضامن ہوسکتا ہے۔ ہماری دلی دعائیں اور نیک خواہشات نو منتخب حکومت پاکستان کے ساتھ ہیں۔