دوسال میں ہمارے 31ہزار فوجی ہلاک ہوگئے،یوکرینی صدر

04 مارچ ، 2024

کیف/ماسکو(نیوزڈیسک) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کے حملے کے بعد سے دو سالوں کے دوران 31ہزار یوکرینی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین سال 2024فورم سے خطاب کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ یہ نقصان یوکرین کے لیے ایک عظیم قربانی ہے۔ زیلنسکی نے یہ بھی بتایا کہ یوکرین کے زیر قبضہ علاقوں میں دسیوں ہزار افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ جنگ ختم ہونے تک درست اعداد و شمار معلوم نہیں ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ یوکرین نے 24 فروری 2022کو روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک اپنے ہلاک فوجیوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب روس نے بھی ہلاکتوں کے چند سرکاری اعداد و شمار بھی فراہم کیے ہیں، آزاد روسی خبر رساں ادارے کےمطابق 2022 اور 2023 میں تقریبا 75 ہزار روسی مرد جنگ میں لڑتے ہوئے مارے گئے۔ روسی نقصانات کے حوالے سے زیلنسکی نے کہا کہ ایک لاکھ 80ہزار روسی فوجی ہلاک اور دسیوں ہزار زخمی ہوئے ہیں۔