ٹمبر مافیا وزیراعظم اصلاحاتی ایجنڈے کو ناکام بنانے کیلئے متحرک

04 مارچ ، 2024

مظفرآباد(این این آئی)وزیراعظم آزادکشمیر کی طرف سے محکمہ جنگلات میں اصلاحات کی کوششیں ناکام،محکمہ کامنظم مافیا اورمخصوص ٹمبر مافیا وزیراعظم کے اصلاحاتی ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لیے متحرک ہوگیا۔ رینج آفیسر کی خالی اسامیوں پر میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقیابیوں کے بجائے کرنٹ چارج بنیادوں پر ٹمبرمافیاکے سہولت کاروں کی ترقیابیوں کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جانے لگا۔ رینج آفیسر کی اسامیوں پر سنیارٹی اور میرٹ کے برعکس تعیناتیوں کے لیے بھاری ریٹ لگائے جارہے ہیں اور ٹھیکیدار مافیا منظور نظر افراد کو عارضی اور کام چلائو بنیادوں پر ترقیاب کرانے کے لیے تمام تر ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ محکمہ جنگلات کے اندر رینج آفیسر ،بلاک آفیسر اور بیٹ گارڈ تعیناتی کے لیے بھاری فیس مقرر ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر کی طرف سے جنگلات کے مافیا پر ہاتھ ڈالے جانے کے بعد مافیا چیخ وپکار میں مصروف ہے اور وزیراعظم کی میرٹ کی بالادستی اور گڈگورننس کی پالیسی کو سبوتاژ کرنے کے لیے رینج آفیسر کی اسامیوں پر بدوں سنیارٹی ترقیابیاں کی جارہی ہیں اور فائل جنگلات سیکرٹریٹ میں گردش کررہی ہے۔