غزہ، جنگ کے دوران پیدا ہونیوالے جڑواں بچے بمباری سے شہید

04 مارچ ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں جنگ کے دوران چند ہفتے قبل پیدا ہونے والے جڑواں بچے وسام اور نعیم ابو عنزہ بھی اسرائیلی بمباری کے دوران اپنے خاندان کے 12 دیگر افراد کیساتھ شہید ہوگئے، جڑواں بچوں کو اتوار کے روز سپرد خاک کردیا گیا، اس خاندان کے 14افراد رفح میں گھر پر اسرائیلی حملے کے دوران لقمہ اجل بنے ، جڑواں بچوں کی والدہ جن کے ہاں شادی کے 11برس بعد پہلی بار بچے کی پیدائش ہوئی غم سے نڈھال ہیں، رانیہ کا کہنا ہے کہ ہماری کیا غلطی تھی؟ اب میں کس طرح مزید زندہ رہ سکتی ہوں۔ جڑواں بچوں کی والدہ رانیہ نے تدفین کے موقع پر اپنے ایک بچے کی میت گود میں اٹھائی ہوئی تھی جسے اپنی ٹھوڑی کیساتھ لگا رکھا تھا اور اپنے بچے کے سر پر پیار کررہی تھیں۔ دوسرے بچے کی میت ایک اور غم زدہ شخص نے اٹھا رکھی تھی۔ رانیہ ابو عنزہ نے روتے ہوئے بتایا کہ میرا دل ٹوٹ کر رہ گیا ہے، اس حملے میں رانیہ کا شوہر بھی شہید ہوگیا تھا، اس دوران غم سے نڈھال موجود دیگر افراد انہیں دلاسہ دے رہے تھے۔ جب ان سے ان کے دل کے جگر گوشہ کو سپرد خاک کرنے کیلئے مانگا گیا تو وہ تھوڑی مزاحمت کررہی تھیں، غم زدہ والدہ کا کہنا تھا کہ میری بچی کو میرے ساتھ رہنے دو۔