شہباز نے ’’بھرپور استقامت کیساتھ جارحانہ مزاحمت کو شکست‘‘ دیدی

04 مارچ ، 2024

اسلام آباد (فاروق اقدس) شہباز نے ’’بھرپور استقامت کیساتھ جارحانہ مزاحمت کو شکست‘‘ دیدی پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی قیادت اور ارکان ہنگامے کے دوران ’’اچھے سامع اور بہترین ناظر‘‘ ثابت ہوئے ہنگامہ آرائی کے باوجود اپنی طویل تقریر مکمل کی ، تقریر سبوتاژ کرنے کا منصوبہ پہلے سے تیار تھا وزارت عظمیٰ کے انتخاب کے موقعہ پر کامیاب امیدوار کی تقریر جس میں وہ تشکرکے جذبات اور اپنی آئندہ کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا مختصراً اظہار کرتا ہے اس موقعہ پر اپوزیشن کی جانب سے نعرہ بازی تقریر میں مداخلت اور شور شرابہ کوئی نئی بات نہیں لیکن وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں 100 سے زیادہ ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کرنے والے شہباز شریف جو دوسری مرتبہ ملک کے وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے ان کی تقریر کے دوران سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے جس طرزعمل کا مظاہرہ کیا، نعروں، شورشرابے، ہنگامہ آرائی کے دوران جو زبان استعمال کی گئی اور ماحول کو ہراساں کرنے کیلئے جو جارحانہ انداز اختیار کیا گیا اس نے ایک’’ نئی روایت اور نئی تاریخ‘‘ ضرور رقم کی ہے جس کا منصوبہ اطلاعات کے مطابق پیشگی طور پر تیار کر لیا گیا تھا ،منصوبہ بندی کے تحت اپوزیشن کے ارکان نعروں اور الزامات پر مبنی غل غپاڑہ اتنی بلند آواز میں کر رہے تھے کہ شہباز شریف کی تقریر کا شاید ہی کوئی جملہ مکمل اور پورے مفہوم کے ساتھ سنا گیا ،لیکن اس حوالے سے بالخصوص میاں شہباز شریف کو داد دینا پڑے گی کہ انہوں نے پوری استقامت کے ساتھ اپوزیشن کے ارکان کی مزاحمت کو شکست دیتے ہوئے اپنی تقریر مکمل کی ، پریس گیلری میں یہ منظر حیرت کے ساتھ دیکھا جارہا تھا کہ حکومت سازی میں شامل اہم اتحادی جماعت پیپلز پارٹی سمیت ایم کیو ایم مسلم لیگ (ق) اور دیگر جماعتوں کے ارکان اس سارے منظر میں خاموش تماشائی بنے بیٹھے تھے۔ اگلی قطار میں شہباز شریف کے بعد نواز شریف، خواجہ محمد آصف، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو بھی موجود تھے لیکن وہ بھی ایک اچھے سامع اور اچھے ناظر کی طرح سب کچھ سن اور دیکھ رہے تھے حتیٰ کہ اتحادی جماعتوں کے ارکان کو تو سابق وزیراعظم کی تقریر کے دوران کسی مرحلے پر ڈیسک بجاتے بھی نہیں دیکھا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے نواز شریف اور خواجہ آصف کی آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے تقلید کی۔ ہر چند کہ اپنی تقریر میں قائد ایوان شہباز شریف سے بینظیر بھٹو، آصف زرداری کی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ البتہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے تقریر کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دینے میں پہل کی۔