شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

05 مارچ ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی)نو منتخب وزیراعظم محمد شہبازشریف نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدرعارف علوی نے ان سے حلف لیا ‘ حلف برداری کی تقریب پیر کو ایوان صدر میں ہوئی ۔ حلف برداری کے بعد شہباز شریف وزیراعظم ہائوس آئے تو افواج پاکستان کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ بعدازاں شہباز شریف اور سبکدوش نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی الوداعی ملاقات ہوئی۔شہباز شریف نے نگراں حکومت کے ملکی ترقی کے تسلسل کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔ادھرسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نےشہباز شریف کواپنے عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد کاپیغام بھیجا ہے۔ولی عہد نے شہباز شریف کی کامیابی اور پاکستانی عوام کی مستقل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف نے شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے دونوں ممالک طویل المدتی دوطرفہ شراکت داری کو فروغ اور وسعت دیں گے۔