آڈیو لیکس کیس ، اسلام آباد ہائیکورٹ نےچیئرمین PTA کو 14 مارچ کو دوبارہ طلب کر لیا

05 مارچ ، 2024

اسلام آباد (خبرنگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور نجم الثاقب کی آڈیو لیکس کیخلاف درخواستوں پر چیئرمین پی ٹی اے کو 14 مارچ کو دوبارہ طلب کر لیا۔جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت تو کہہ رہی ہے انہوں نے تو آج تک کسی کو اجازت نہیں دی ہم نے دیکھنا ہے مستقبل میں اس کو کیسے روکا جا سکتا ہے، ریاست شہریوں کی پرائیویسی کے تحفظ کیلئے کیا کر رہی ہے؟ پی ٹی اے کے وکیل عرفان قادر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی درخواست میں پی ٹی اے فریق نہیں ، کیس غیرموثر ہو چکا ہے لہٰذا اسے نمٹا دیا جائے۔ ۔ لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم سب کی پرائیویسی خطرے میں ہے ،جسٹس بابر ستار نے کہا کہ ریاست شہریوں کی پرائیویسی کے تحفظ کیلئے کیا کر رہی ہے؟ کیا ٹیلی کام آپریٹرز فون ٹیپنگ کی اجازت دے رہے ہیں؟ رولز گائیڈ لائنز یا کوئی ایسی چیز فریم ہوئی ہے کہ کون سی ٹیکنالوجی استعمال ہو سکتی ہے کون سی نہیں؟ اس پر ڈی جی آئی بی نے کہا کہ اگر عدالت کچھ منٹ مجھے چیمبر میں وقت دیدے تو میں بتا سکتا ہوں۔