جنوبی پنجاب، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف گرینڈآپریشن، 56گودام سیل

05 مارچ ، 2024

لاہور(آصف محمود بٹ ) جنوبی پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑےپیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والے دستاویزات کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران ذخیرہ اندوزی میں ملوث جنوبی پنجاب کے 56بڑے ہول سیلرز کے 56گودام سیل کرکے ان کے خلاف 5مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ ان ذخیرہ اندوزوں سے 3125بوریاں چینی، 20ہزار921کلو گھی، 700بوری گندم اور 3ہزار 40کلو دالیں برآمد کی گئی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق ذخیرہ اندوزی کی معلومات فراہم کرنے کے لئے ایپ تیار کی گئی ہے جس کو ’’قیمت پنجاب ‘‘ ڈیش بورڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق 2023 کے دوران ذخیرہ اندوزی میں ملوث 2750ڈیلرز کے خلاف کاروائی کی گئی جن کو 1کروڑ 86لاکھ سے زائد جرمانہ کیا گیا جبکہ 204گودام سیل کرکے 408گودام سیل کئے گئے۔ 2023ء کے دوران ذخیرہ اندوزوں سے 8 لاکھ 18ہزار47 بوریاں چینی، 10ہزار 628 بوریاں چاول52.42 3میٹرک ٹن گھی، 11لاکھ 30 ہزار گندم کی بوریاں ، 1لاکھ 24ہزار470 بوریاں آٹا، 9311لٹر کوکنگ آئل اور 10ہزار11کلو دالیں برآمد کی گئیں۔ دستاویزات کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے قومی انٹی سمگلنگ سٹریٹیجی بنائی ہے جس کے ذریعے انٹرنیشنل بارڈرز پر مذکورہ اشیاء کی سمگلنگ روکنے کے لئے ایف آئی اے اور کسٹم کو اختیارات تفویض کئے گئے ہیں ۔ اشیائے ضروریہ کی بین الصوبائی نقل و حمل روکنے کے لئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ ڈیٹا شئیرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ’’The Punjab Prevention of Hoarding Act 2020‘‘ کے سیکشن 4،5اور 11کے تحت کاروائیاں کی جارہی ہیں ۔