ہماری کاوشوں اور د عائوں کا محور پاکستان ہونا چا ہئے،آرمی چیف

05 مارچ ، 2024

اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہماری کاوشوں اور د عائوں کا محور پاکستان ہونا چا ہئے اس کے شاندار اور لائق فخر مستقبل کے بارے میں کسی کو شبہ نہیں ہونا چاہئے ، فرد یا افراد سے زیادہ ہمیں پاکستان کی عظمت اور مضبوطی کے لئے دعا کرنا چاہئے ملک جس قدر مستحکم اور خوشحال ہوگا اس میں رہنے والوں پربھی اسی درجے کے اچھے اثرات مرتب ہونگے۔ پیر کی سہ پہر ایوان صدر میں وزیراعظم شہباز شریف کی حلف وفاداری کی باوقار تقریب میں شرکت کے بعد قصر صدارت سے روانہ ہوتے ہوئے انہوں نے ’’جنگ‘‘/ دی نیوز کے استفسار پر کہا کہ ہماری کاوشوں اور د عائوں کا محور پاکستان ہونا چا ہئے اس کے شاندار اور لائق فخر مستقبل کے بارے میں کسی کو شبہ نہیں ہونا چاہئے بری فوج کے سربراہ نے حلف برداری کی پرشکوہ تقریب کو بہت عمدہ قراردیا اور کہا کہ ماحول اس امر کی چغلی کھارہا ہے کہ پیش آمدہ زمانہ پاکستان کی بھلائی سےعبارت ہوگا۔ قبل ازیں حلف برداری کی تقریب سے قدرے پہلے جنرل عاصم منیر نے سامنے کی صف میں بیٹھے اپنے استاد اور سینیٹرپروفیسر عرفان صدیقی کو دیکھ کر ان کی جانب خیرسگالی سے ہاتھ ہلایاتو وہ اٹھ کر جنرل کے پاس چلے آئے جنہیں قریب پاکر فوج کے سربراہ نے اٹھ کر ان کی خیر و عافیت دریافت کی جنرل عاصم منیر کے برابر بیٹھے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی احتراماً ایستادہ ہوگئے تو جنرل عاصم منیر نے پروفیسر عرفان صدیقی سے ان کا تعارف کرایا کہ یہ میرے ٹیچر رہے ہیں اس پر جنرل مرزا نے کہا کہ استاد کا رتبہ باپ کے برابر ہوتا ہے باپ آسمان سے زمین پر لانے کا ذریعہ بنتا ہے تو استاد اسے آسمان پر لے جاتا ہے اس خوشگوار مکالمے پر تینوں کافی دیر تک لطف حاصل کرتےرہے۔ حلف برداری کی تقریب میں جنرل سید عاصم منیر کافی دیرتک موجود رہے وہ بہت مسرور اور مطمئن دکھائی دے رہے تھے حلف برداری کے فوری بعد متعدد سرکردہ مہمانوں نے انہیں گھیر لیا اور ان سےخوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا فوج کےسربراہ ہر مہمان سے بڑے تپاک کے ساتھ ملتے رہے۔