ترقی پذیر ممالک میں سگریٹ کی کھپت میں اضافہ ہو رہا ہے ، ایس ڈی پی آئی

14 مارچ ، 2024

اسلام آباد (اے پی پی)سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں سگریٹ کی کھپت میں اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تمباکو نوشی کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے جو عالمی سطح پر ساتویں نمبر پر ہے اور تمباکو کی مصنوعات استعمال کرنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے ڈبلیو ایچ او مشرقی بحیرہ روم ریجن (ای ایم آر) میں پہلے نمبر پر ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ملک میں ہر سال 60ارب سے زائد سگریٹ کی پیداوار ہوتی ہے تاہم اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ سات سالوں کے دوران ٹیکس وصولی کے اہداف حاصل نہ ہو سکے۔ گزشتہ سات سالوں کے دوران ایس ڈی پی آئی سمیت متعدد تحقیقی مطالعات سے معلوم ہوتا ہے کہ سگریٹ کی صنعت سے محصولات کی مد میں 567 ارب روپے مزید حاصل کئے جا سکتے تھے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) صحت عامہ کے اقدامات کی موثر ترقی، نفاذ اور نفاذ کے لئے تمباکو ٹیکس پالیسیوں کو سگریٹ کمپنیوں کے ذاتی مفادات سے محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے ۔مطالعے میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ کس طرح اعلی اور درمیانی آمدنی والے ممالک نے سگریٹ کی کھپت کو کم کرنے اور سرکاری آمدنی میں اضافے کے لئے کامیابی سے سگریٹ کی مصنوعات پر زیادہ ٹیکس عائد کئے تاہم پاکستان میں اب بھی سگریٹ ٹیکس اور قیمتوں کو صحت عامہ کے آلے کے طور پر استعمال کرنے کے بارے میں واضح حکمت عملی نہیں بنائی جا سکی۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پی آئی ڈی ای)نے سال 2019 میں پاکستان میں تمباکو نوشی سے متعلق بیماریوں اور اموات سے منسلک مجموعی اخراجات کے بارے میں رپورٹ فراہم کی ہے۔ تجزیے میں 615.07 ارب روپے (3.85 ارب ڈالر) کے اضافی مالی بوجھ کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں بیماری اور اموات جیسے بالواسطہ اخراجات کل اخراجات کا 70 فیصد ہیں۔