آرایل این جی کاکم استعمال،ترسیلی نظام پرشدیددباؤ

28 مارچ ، 2024

اسلام آباد (خالد مصطفی ) پاکستان میں گیس کی تر سیلی کا نظام شدید دباؤ میں ہے ۔ جس کی بنیادی وجہ اقتصادیات کے مختلف شعبوں کی جانب سے آر ایل این جی کا کم استعمال ہے یہی وجہ ہے سسٹم لائن پر یشر خطر ناک حد تک 5003ملین کیو بک فٹ یومیہ( ایم ایم سی ایف ڈی )ہوگیا ہے ۔ ٹر انسپور ٹیشن لائن میں گیس پر یشر کی یہ سطح کسی بھی وقت تباہ کن صورتحال اختیار کر سکتی ہے ۔ اس حوالے سے سوئی ناردرن گیس اور ڈائر یکٹو ریٹ جنرل گیس نے پاور ڈویژن کو درآمد شدہ گیس کا استعمال بڑھانے کےلیے متعدد خطوط لکھے یہ بات بدھ کو یہاں وزارت توانائی کے ایک سینئر افسر نے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں مارچ اور اپریل کےلیے آر ایل این جی کی طلب 480اور470ایم ایم سی ایف ڈی ہے ۔ جبکہ اوسط350ایم ایم سی ایف ڈی استعمال ہورہی ہے ۔ جس کے نتیجے میں لائن پیک پریشر بڑھنے سے پائپ لائن پھٹ جانے کا خدشہ ہے ۔ اس افسر نے بتایا کہ متعلقہ حکام نے صورتحال سے نمٹنے کےلیے کچھ گیس فیلڈز سے گیس کا بہاؤ کم کر دیا ہے ۔