پشین ،جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی ،فائرنگ سے لیویزرسالدار شہید

28 مارچ ، 2024

پشین(این این آئی)پشین کے علاقے کلی منزری میں اشتہاری ملزمان اور قانون شکن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے لیویز فورس پشین کے ایک رسالدار شہید جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئےآپریشن کے دوران 8 سہولت کاروں سمیت 24 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرکے ایک مسروقہ گاڑی برآمد کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشین کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ داد خان مندوخیل کی خصوصی ہدایت پر پشین لیویز فورس کے رسالدار حمیداللہ ترین کی سرکردگی میں بدھ کو تحصیل حرمزئی کے علاقے کلی منزری میں اشتہاری ملزم داد محمد عرف دادگئی اور ان کے مبینہ ساتھی اشتہاری ملزمان کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے لیویز فورس کے رسالدار حمیداللہ ترین موقع پر شہید ہوگئے، جبکہ تین اہلکار موسیٰ جان، بلال خان اور ظہور آغا زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر پشین کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ داد مندوخیل کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 8 سہولت کاروں سمیت 24 مشتبہ ملزمان گرفتار کرکے ایک مسروقہ گاڑی برآمد کرلی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشین نے بتایا کہ آپریشن میں چمن جیل توڑ کر فرار ہونے والے ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ شہید ہونے والے رسالدار حمیداللہ ترین اور زخمی لیویز اہلکاروں کو پشین ہسپتال منتقل کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق جرائم پیشہ اور قانون شکن عناصر کے خلاف سرچ آپریش انہیں قانون کے دائرے میں لانے تک جاری رہے گی۔دریں اثناء شہید ہونے والے رسالدار حمیداللہ ترین کو ان کے آبائی علاقے کلی ملکیار میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام اور سرکاری آفیسران سمیت مختلف سیاسی قبائلی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔