سی پیک ،کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کیلئےجامع ریگولیٹری فریم ورک تیار

28 مارچ ، 2024

اسلام آباد( تنویر ہاشمی ، کامرس رپورٹر ) مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور ان کو آسان بنانے کےلیے ایک جامع قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک تیار کر لیا ہے ، مسابقتی کمیشن چین کی سٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار مارکیٹ ریگولیشن کیساتھ تعاون کی یادداشت پر دستخط کریگا ،سی سی پی چین کی مارکیٹ ریگولیٹر کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرے گا،چین نے سی پیک اور ملک میں کام کرنے والی مختلف چینی کمپنیوں کے ذریعے پاکستان میں اہم سرمایہ کاری کی ہے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے بعد اس سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ متوقع ہے،سی سی پی چین کی سٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار مارکیٹ ریگولیشن (ایس اے ایم آر) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرے گا جو دو طرفہ تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ایم او یو، جسے گزشتہ وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری مل چکی ہے، کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور تکنیکی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔