کسی کا رائٹ آف اسمبلی نہیں چھینا جاسکتا،اسلام آباد ہائیکورٹ کی پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت

28 مارچ ، 2024

راولپنڈی (جنگ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کی ہدایت کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔عدالت نے اس ضمن میں اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ آپ نے جو شرائط عائد کرنی ہیں وہ کر دیں۔ عدالت میں سٹیٹ کونسل نے بتایا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کسی کا رائٹ آف اسمبلی تو نہیں چھینا جا سکتا، جو شرائط نارمل ہوتی ہیں وہ لگائیں اس میں کوئی حرج نہیں، کوئی غیر معمولی شرائط عائد نہ ہوں جو سٹینڈرڈ ٹی او آر ہوتے ہیں اس کے مطابق اجازت دیں۔