شہری 2 گاڑیوں ، 33 موٹر سائیکلوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، سٹریٹ کرائم بھی جاری

28 مارچ ، 2024

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری ایک گاڑی 20موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز اور نقدی سے محروم ہوگئے ،5افراد سے جھپٹا مار کرموبائل چھین لئے گئے ۔ وفاقی دارالحکومت میں28وارداتوں میں ایک کار اور 10 موٹر سائیکل اڑا لئے گئے۔ تین موٹر سائیکل اور 7 موبائل فون اسلحہ کی نوک پر چھین لئے گئے۔ آئی جے پی روڈ پر جویرہ اصغر عباسی کے فلیٹ کے تالے توڑ کر ایل سی ڈی ،فریج، طلائی زیورات ،لیپ ٹاپ ،پرائزبا نڈ، بائیسیکل اور دیگر سامان کل مالیتی15لاکھ روپے ،ایم ایچ میں شہباز نبی کی گاڑی سے 35ہزار روپے اورسونا مالیتی7لاکھ روپے، رحمت آباد میں محمد شوکت کی دکان سے ساڑھے تین تولے زیور اورڈیڑھ لاکھ روپے ،کشمیر ماڈل ٹاؤن میں امجد حسین کا 3ٹن سریا اور شٹرنگ کا سامان ،بحریہ ٹاؤن میں جاوید اقبال کے گھرسے پانچ تولے طلائی زیورات اورگھڑی ،تھانہ چونترہ کے علاقہ گا ہی سیداں میں شاہد عباس کے گھرکے تالے توڑ کر اوون ،فوڈ فیکٹری ، ایل ای ڈی اور موبائل چوری کرلیاگیا۔تھانہ سبزی منڈی کو اعجاز نے بتایا کہ گھر سے طلائی زیورات ،تھانہ بہارہ کہو کو محمد عنیم اکبر نے بتایا کہ گھر سے طلائی زیورات انعامی بانڈز اور دیگر سامان چوری ہو گیا۔تھانہ کھنہ کو محمد نعمان نے بتایا کہ موبائل فون اور 4لاکھ روپے چھین لئے گئے، تھانہ کھنہ کو وقاص علی نے بتایا کہ طلائی زیورات لیپ ٹاپ موبائل فون اور دیگر سامان چوری ہو گیا۔