فضل الرحمٰن کاضمنی الیکشن کا بائیکاٹ اور مختلف شہروں میں جلسے کرنے کا اعلان

28 مارچ ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نےضمنی الیکشن کا بائیکاٹ اور مختلف شہروں میں جلسے کرنیکا اعلان کردیا۔ انہوں نے عوامی اسمبلی کے نام سے تحریک چلانے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 25 اپریل بلوچستان سے تحریک کا آغاز کریں گے، ہمارا کوئی امیدوار ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گا، اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے مختلف شہروں میں جلسے اور جلوسوں کا شیڈول بیان کرتے کہا کہ 2018 میں عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا گیا تھا، 2024 میں ایک بار پھر عوام کے حق رائے دہی پر شب خون مارا گیا، ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ان انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے اور انہیں مسترد کرتے ہیں کیونکہ یہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ کم اور اسٹیبلشمنٹ کی نمائندہ زیادہ ہے، ہم نے عوام کی طرف جانے کا فیصلہ کیا ہے، عوام کو اعتماد میں لیں گے تاکہ وہ اپنے ووٹ کے حق کے لیے متحد ہوسکیں ، تحریک میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی ساتھ ملائیں گے تاکہ عوامی صفوں کو متحد کرسکیں ، 25 اپریل کو پشین ، 2 مئی کو کراچی اور 9 مئی کو پشاور میں جلسہ کرینگے ، اس کے بعد ہم لاہور کے لیے تاریخ کا تعین کریں گے۔علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے چینی سفارتخانے جاکر چینی سفیرجیانگ ژائیڈونگ سے ملاقات کی اورن خودکش حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔