فیلڈ ہسپتال جلد شروع کرنیکا فیصلہ، منشیات سمگلنگ روکنے کیلئے 3 تھانے، 13 ایکسائز چیک پوسٹیں بنائینگے، وزیر اعلیٰ مریم نواز

28 مارچ ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انقلابی پروگرام کے تحت فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن وہیل پراجیکٹ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ منشیات روکنے کیلئے 3 تھانے ،13 ایکسائز چیک پوسٹیں بنائینگے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ اور نارکوٹکس کنٹرول کیلئے تین پولیس سٹیشنز بنانے اور ٹیکس کنسلٹنسی یونٹ قائم کرنے کی بھی منظوری دیدی ۔ گریڈ 15 تک سکلڈ سٹاف بھرتی کا بھی فیصلہ جبکہ لاہور چلڈرن میڈیکل یونیورسٹی کیساتھ دیگر اضلاع کے ہسپتالوں کو لنک کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہیلتھ ریفارمز پر ایک ماہ میں پانچواں اجلاس منعقدہوا جس میں اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ری ویمپنگ کے لئے درکار فنڈنگ میں تاخیر نہ کرنے کی ہدایت کی اورہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کیلئے 16 ارب روپے فوری جاری کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہیلتھ سیکٹر میں بہتری اوراصلاحات اولین ترجیح ہے۔ 32 فیلڈ ہسپتالوں کا آغاز اگلے ماہ میں ہوگا۔ سیمی اربن اورکچی آبادی کے رہائشیوں کیلئے 200 کلینک آن وہیلز قائم کئے جائیں گے۔ادویات کی خریداری اور فراہمی میں شفافیت کو 100 فیصد یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں لاہور، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے چلڈرن ہسپتالوں کو لاہور چلڈرن میڈیکل یونیورسٹی سے لنک کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا اور محکمہ صحت کے ہسپتالوں میں سکلڈ سٹاف کیلئے تھرڈ پارٹی ٹسٹنگ کے بعد گریڈ 5 سے 15 تک بھرتی کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ نرسنگ ٹریننگ کو بہتر کرکے بیرون ملک نرسز کو بھیجنا چاہئے۔ دریں اثنا ءوزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن پلیٹس کا بیک لاگ ختم کرنے اور رینٹل ویلیو اور ڈی سی ریٹ کے مطابق ٹیکس میں فرق پر اسسمنٹ رپورٹ بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں اینٹی نارکوٹکس کے لئے نیا محکمہ بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے 13 ایکسائز چیک پوسٹ قائم کی جائیں گی۔دریں اثنا وزیراعلی مریم نواز شریف نے کیٹل مارکیٹ، سلاٹرہائوس میں ویکسی نیٹڈ، ٹیگ والا کی پابندی، گلف ممالک اور چین سے پولٹری تجارت کا حجم بڑھانے کی ہدایت کی۔