بشام واقعے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنے گی

28 مارچ ، 2024

اسلام آباد/بیجنگ(ٹی وی رپورٹ/جنگ نیوز) چین نے شانگلہ میں ہونےو الے خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، چین نے پاکستان سے حملے کی جامع تحقیقات اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عملے کی گاڑی کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں پانچ چینی اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوا، چین اس دہشت گردانہ حملے کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ چین پاکستان سے دہشت گردانہ حملے کی جلد از جلد جامع تحقیقات کرکے اس کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور چینی شہریوں، پاکستان میں جاری منصوبوں اوریہاں قائم چینی اداروں کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔