موسمیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا کردار کم مگر نقصانات انتہائی زیادہ

28 مارچ ، 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) برطانوی ہائی کمشنر مس جین میریٹ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا کردار کم مگر نقصانات انتہائی زیادہ ہے۔ برطانیہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے پاکستان کیلئے ہر طرح کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔برطانوی ترجیحات میں اولین ترجیح پاکستان کے نقصانات کا ازالہ ہے پاکستان دنیا کا وہ ملک ہے جس کا عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے لانے میں نہ ہونے کے برابر رول ہے لیکن ان موسمیاتی تبدیلیوں سے پوری طرح متاثر ہونے والے ملکوں میں پاکستان سرفہرست ہے۔ ان خیالات کا اظہار برطانوی ہائی کمشنر مس جین میریٹ نے موسمیاتی تبدیلیوں سے آگاہی میں صحافیوں کے کردار کے موضوع پر منعقد ہونے والے آغا خان روڈ کے فائیو سٹار ہوٹل میں ورکشاپ کے نام اپنے وڈیو پیغام میں کیا۔ مس جین میریٹ ورکشاپ کے موقع پر کراچی میں اپنی گونا گوں مصروفیات کی وجہ سے نہیں پہنچ سکیں البتہ انہوں نے وڈیو پیغام ریکارڈ کرایا۔