آئی ایم ایف سے مصر کے لیے 8ارب ڈالرزقرضہ کی منظوری

31 مارچ ، 2024

قاہرہ (جنگ نیوز) بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے مصر کےلیے 8ارب ڈالرز قرضے کی منظوری دیدی۔ آئی ایم ایف کے جاری بیان کے مطابق پروگرام کے تحت 82کروڑ ڈالرز فوری جاری کردیئے گئے ہیں ۔ سمجھوتے کو وسعت دینے کا فیصلہ حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ جنگ کے تناظر میں کیا گیا ۔ تا کہ مصر کی ڈوبتی اقتصادیات کو سہارا دیا جا سکے ۔بحران نے مصر کی سیاحت کو بھی شدید دھچکہ پہنچایا۔ جبکہ بحیرہ احمر میں حو ثیوی کے مغربی ممالک کے جہازوں پر حملوں نے ہر سوئز سے بحری ٹریفک کونصف کردیا ہے ۔ سیاحت اور نہر سوئز سے بحری ٹریفک سے وصولیاں ہی مصر کی زرمبادلہ آمدن کے دو بنیادی ذرائع ہیں ۔ یوکرین کی جنگ کے باعث بھی بحیرہ روم سے تجارتی جہازوں کی آمد ورفت میں تعطل سے بھی مصر کی اقتصادی بد حالی میں اضافہ ہوا ۔ جس پر قابو پانے کے لیے پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ مصر میں دیگر اصلاحات کے علاوہ سرکاری اثاثے بھی فروخت کئے جارہے ہیں ۔راس الحکمہ میں قیمتی زمین 24ارب ڈالرز کے عوض متحدہ عرب امارات کو فروخت کی جارہی ہے ۔6ارب ڈالرز ورلڈ بینک سے ملیں گے۔8ارب 10کروڑ ڈالرز یورپی یونین مہیا کرے گی ۔ سرکاری منصوبوں خصوصاَ قاہرہ کے مشرقی صحرا پر 60ارب ڈالرز کے تر قیاتی منصوبے پر بھی اخراجات میں کٹوتی کردی گئی ہے۔