اسرائیلی حملے میں جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے مبصرین زخمی

31 مارچ ، 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)دو سیکورٹی ذرائع نےگزشتہ روز بتایا کہ ایک اسرائیلی حملے نے جنوبی لبنان کے سرحدی شہر رمیش کے باہر اقوام متحدہ کے تکنیکی مبصرین کو لے جانے والی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس میں متعدد مبصرین زخمی ہوئے،سیکیورٹی ذرائع میں سے ایک نے بتایا کہ کار میں اقوام متحدہ کے تین تکنیکی مبصر اور ایک لبنانی مترجم سوار تھا ۔اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچے ایڈرے نے اس بات کی تردید کی کہ اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن یو این آئی ایف آئی ایل کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔یو این آئی ایف آئی ایل یا اقوام متحدہ کے تکنیکی مبصر مشن یو این ٹی ایس او نے حملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔دوسیکورٹی ذرائع نے کہا کہ اسرائیلی حملے میں کار میں سوار متعددافراد زخمی ہوئے تھے۔اسرائیل غزہ جنگ کے متوازی تقریباً چھ ماہ سے جنوبی لبنان میں لبنانی مسلح گروپ حزب اللہ کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کر رہا ہے۔لبنان پر اسرائیل کی گولہ باری سے حزب اللہ کے تقریباً 270 جنگجو شہیدہوئےہیں، جبکہ بچوں، ڈاکٹراور صحافیوں سمیت تقریباََ50شہری بھی مارے گئے ہیں ،اوراسرائیلی فوج نےیو این آئی ایف آئی ایل اور لبنانی فوج دونوں کو نشانہ بنایاہے۔نومبر میں یو این آئی ایف آئی ایل نے کہاتھا کہ جنوبی لبنان میں گشت کے دوران اسرائیلی گولیوں کی زد میں آئے، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یو این آئی ایف آئی ایل نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے واضح شناخت کے حامل صحافیوں کے ایک گروپ پر گولی چلا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی،جس میں صحافی ہلاک ہوگیا تھا۔