شانگلہ میں چینی انجینئر ز پر خود کش حملہ اور تربت میں نیول ایئر بیس پر ہونے والی دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر نے جنم لے لیا ہے۔ ایسے محسوس ہوتا ہے کہ حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ان افسوسناک واقعات سے پورے ملک میں خوف کی فضا پیدا ہوگئی ہے ۔ ایسے لگتا ہے کہ ملک دشمن بیرونی عناصر پاکستان میں سی پیک اور گوادر پورٹ کو کامیاب ہوتے دیکھنا نہیں چاہتے ،اس لیے بلوچستان اور داسو ڈیم شانگلہ میں دہشت گردی کے واقعات کروائے گئے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ امریکہ اور بھارت سی پیک سے خائف ہیں اور وہ پاک چین تعلقات کو بھی نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ہمارے ارباب اقتدار کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کروائیں اور اس میں ملوث دہشت گرد عناصر کو قرار واقعی سزا دی جانی چاہیے۔ پاکستان میں ملک دشمن بیرونی نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ہماری خفیہ ایجنسیوں کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ مقام افسوس ہے کہ بلوچستان میں آئے روز دہشت گردی کے واقعات ہوتے رہتے ہیں لیکن ابھی تک وہاں امن قائم نہیں ہوسکا۔ اسی طرح ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کے واقعات کا اگر تدارک نہ کیا گیا تو پاکستان میں معاشی استحکام ایک خواب بن کر رہ جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کیلئے شانگلہ اور داسو ڈیم پر دہشت گردی کے واقعات ایک ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتے ہیں۔انکے خاتمے کیلئےانہیں فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔
طرفہ تماشا یہ ہے کہ ایک طرف امریکا پاکستان میں امریکی مداخلت کی خبروں کو بے بنیاد قرار د یتا ہے جبکہ امریکی ترجمان میتھیوملر کی طرف سے پاکستانی حکام کو ایران کیساتھ کسی بھی معاہدے سے باز رہنے کا حکم اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شرمناک اقدام ہے۔ یہ امریکہ کی پاکستان کے اندورنی معاملات میں براہ راست مداخلت کے مترادف ہے۔ مضحکہ خیز امر ہے کہ پاکستان 25 کروڑ عوام کا ایک آزاد خود مختار ملک ہے جس کا اپنا آئین، قانون اور اسلامی تشخص ہے، اس کو مجروح کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ہمارایہ اصولی موقف رہا ہے کہ پاکستان کی عزت، وقار اور سالمیت اولین ہونی چاہیے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ قومی مفادات کو ہمیشہ مدنظر رکھا جائے۔المیہ یہ ہے کہ ہر دور حکومت میں پاکستان کو امریکی طفیلی ریاست بناکر رکھا گیا اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔پاکستان امریکہ سمیت دنیاکے ہر ملک کے ساتھ برابری کی سطح پر دوطرفہ تعلقات چاہتاہے۔بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے وہ ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچاتا ہے۔ایک ایسے موقع پر جبکہ پاکستان پردہشت گردی کی ایک نئی لہر مسلط کی گئی ہے۔ گزشتہ دنوں ہمارے وزیر خارجہ اسحق ڈار نےپاکستان بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات بحال کرنے کا جائزہ لینے کا بیان دے کر سنجیدہ سیاسی حلقوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ۔ پاکستانی حکام کو ایسے بیانات ہرگز نہیں دینے چاہئیں۔جموں و کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر پاکستان کا کوئی بھی محب وطن شخص انڈیا سے تجارتی تعلقات بحال نہیں کرنا چاہتا۔ ایک طرف بھارت پاکستان کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے اورپاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے تو دوسرے جانب ہماری حکومت ہندوستان سے تجارت کی بحالی کی بات کر رہی ہے۔ہمارے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ ہندوستان ماضی میں پاکستان میں کلبھوشن نیٹ ورک کے ذریعے دہشت گردی کو پروان چڑھا رہا تھا۔ پاکستان نے کلبھوشن کو زندہ پکڑ کر کر دنیا کے سامنے ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا تھا۔ اب بھی پاکستان کے اندر حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے بھارت سے جاملتے ہیں۔اگر بھارت نے اپنی روش نہ بدلی تو یہ جنوبی ایشیاء کے امن کیلئے تبا ہ کن ہوگا۔امریکہ خطے میں چین کو کنٹرول کرنے کیلئے ہندوستان کو استعمال کر رہا ہے۔ اس بات کا چین اور پاکستان کو بخوبی علم ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امریکہ اور بھارت کے مفادات یکجا ہو چکے ہیں۔اس تناظر میں ہمارے ارباب اقتدار کو پاک امریکہ تعلقات کو نئے سرے سے دیکھنا ہوگا۔ کہیں خدانخواستہ امریکہ ہمیں چین سے دور نہ کر دے۔اس حوالے سے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے۔
مزید خبریں
-
ایران امریکہ جنگ دوبارہ زور شور سے شروع ہوچکی ہے۔دونوں نے ایک دوسرے پر مفاہمتی یاداشت سے انحراف کے الزامات...
-
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی متحرک قیادت نے پنجاب میں جس اندازسے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے اس نے عورت کی...
-
کم و بیش ایک صدی قبل کا واقعہ ہے۔امروہہ کا عبدالقدیر ایک انگریز سیاح کے ہمراہ سرینگر آیا۔26جون 1931ءکو مسجد...
-
دنیا نے کروٹ بدل لی ہے، مگر ہمارے تعلیمی نظام کی نیند ابھی نہیں ٹوٹی۔ جس رفتار سے مصنوعی ذہانت روزگار، معیشت...
-
سیاسی دنیا اور تحقیقی دنیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ شروع ہی میں عرض کیا جاتا ہے کہ سیاست دان کا حقیقی معنی...
-
معروف سائنسدان آئن اسٹائن نے کہا تھا کہ مسائل کا حل وہی تلاش کرتے ہیں جو مسلسل سوالات اٹھاتے رہتے ہیں۔ اسی...
-
ہسپتال کے سرد خانے سے برآمد ہونے والی لاشیں محض جسم نہیں ہوتیں، یہ اس معاشرتی شکست کے دستخط ہوتے ہیں جنہیں...
-
پچھلے چند ہفتوں میں امریکہ اور عالمی منظر نامےپر کچھ ایسے اہم واقعات رونما ہوئے جن کے اثرات صرف امریکی سرزمین...