وفاقی حکومت کا حج آپریشن کو ڈیجیٹائز کرنے کا فیصلہ

31 مارچ ، 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری) وفاقی حکومت نے حج ایپ کی لانچنگ کے بعد اب حج آپریشن کو بھی ڈیجیٹائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت آئی ٹی کے ادارے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کو یہ کام سونپ دیا گیا ہے۔ این آئی ٹی بی پہلے مرحلے میں رواں سال کے حج کے دوران فنانشیل مینجمنٹ سسٹم بنانے کے ساتھ ساتھ حاجیوں کو صحیح جگہ ملی ہے کہ نہیں اس طرح کے فیچر متعارف کروائے گی۔ ذرائع کے مطابق فنانشیل مینجمنٹ سسٹم میں یہ چیزیں شامل ہوں گی کہ جو پیسے حاجیوں کی طرف سے جمع کروائے گئے ہیں کیا وہ روپوں میں ہیں یا پھر ریال میں جمع ہوئے ہیں۔ حاجیوں کی سعودی عرب میں رہائش کو مینج کرنے کیلئے بھی سسٹم بنایا جائے گا، فنانشیل مینجمنٹ سسٹم رواں سال حج سے پہلے لانچ کر دیا جائے گا، این آئی ٹی بی نے اس پراجیکٹ پر اپنے فنڈز سے کام شروع کر دیا ہے تاکہ اسے بروقت مکمل کیا جاسکے۔