جسٹس جیلانی قبول نہیں، صرف حاضر سروس ججز کا کمیشن بنایا جائے، تحریک انصاف

31 مارچ ، 2024

اسلام آباد (جنگ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججوں کی جانب سے عدالتی امور میں مداخلت، دھمکیوں اور ہراساں کرنے کے الزامات کی تحقیقات کے لئے قائم جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی پر مشتمل یک رکنی کمیشن کی تشکیل کو مسترد کرتے ہوئے کسی حاضر سروس جج پر مشتمل انکوائری کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ہفتہ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس کمیشن کو مسترد کرتے ہیں، ہم صرف کسی حاضر سروس جج پر مشتمل کمیشن ہی کو تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میمورنڈم گیٹ سکینڈل اور الیکشن انکوائری کمیشن کی طرز پر حاضر سروس جج پر مشتمل کمیشن بنایا جائے۔