دنیا کے بلند ترین 163منزلہ برج خلیفہ کے رہائشیوں کے سحر وافطار کے تین مختلف اوقات

31 مارچ ، 2024

اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے رہائشیوں کیلئے دبئی کے اسلامی امور کے محکمہ نے سحر و افطار کیلئے 3مختلف اوقات کا تعین کیا ہے اور اب دبئی کے برج خلیفہ کے مکین تین مختلف اوقات میں سحری اور افطار کرتے ہیں۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی میں دنیا کی سب سے بلند عمارت برج خلیفہ کے 12.000 افراد ٹاور کی اونچائی کے باعث مختلف اوقات میں سحری و افطار کرتے ہیں۔ زمین کے قریب اور بہت اونچائی منزلوں میں سورج طلوع غروب ہونے کے وقت میں فرق کی وجہ سے سحر وافطار کے اوقات میں فرق ہوتا ہے۔ زمین کے قریب منزلوں کے رہائشیوں کی آنکھوں سے سورج پہلے غروب ہو جاتا ہے جبکہ اونچائی والی منزلوں کے رہائیشیوں کو اس وقت سورج ڈوبتا ہوا دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ نیچے کی 50منزلوں کے رہائشی 2منٹ پہلے اور انتہائی بلند منازل کے رہائشی 2منٹ بعد روزہ افطار کرتے ہیں، اس طرح آخری سو سے 163 کی منزلوں میں رہائش پذیر افراد سب سے آخر میں افطار کرتے ہیں۔ دبئی کے اسلامی امور کے محکمے نےبرج خلیفہ کی 163 منزلوں میں رہنے والوں کیلئے جو اوقات جاری کئے ہیں ان کے مطابق برج خلیفہ کی 80سے 163ویں منزل تک کے رہائشی دومنٹ تاخیر سے افطار کرتے ہیں اور2منٹ سحری جلد ختم کرتے ہیں۔