ڈپٹی سپیکر غلام مصطفیٰ کا پارلیمنٹ ہائوس اور لاجز میں مضرصحت پانی کا نوٹس ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

31 مارچ ، 2024

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے پارلیمنٹ ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجز میں مضر صحت/آلودہ پانی کی فراہمی کا نوٹس لے لیا۔نوٹس پاکستان کونسل برائے آبی وسائل و تحقیق کی تحقیقاتی رپورٹ کے تناظر میں لیا گیا۔ڈپٹی سپیکر نے پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز میں مضر صحت پانی کی فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ڈپٹی سپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی انتظامیہ کو پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز سے پانی کے نمونے لیکرمستند لیباٹری سے فوری تحقیقات کرانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے تحقیقات کی روشنی میں پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز میں پانی کی فراہمی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ آلودہ پانی کے استعمال سے پارلیمنٹ ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجز میں اراکین پارلیمنٹ اور عملے کے ممبران کی صحت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز میں آلودگی سے پاک، شفاف اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔