عدلیہ کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا،راولپنڈی بارایسوسی ایشن

31 مارچ ، 2024

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کا اجلاس زیرصدارت صدر بار ملک جواد خالد ہوا جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز کی طرف سے لکھے گئے خط اور ججزکے تحفظات پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور متفقہ طور پر مداخلت کے الزام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ وکلاء کی اصل طاقت انکی یکجہتی، خود داری، استقامت، آئین اور قانون کی پاسداری ہے ہماری بار کسی بھی صورتحال میں عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریگی، ججز کے معاملات اور عدالتی امور میں ایگزیکٹو کی مداخلت کی بھر پور مذمت کرتی ہے، بار چھ ججز کی عدلیہ میں خفیہ اداروں کی مبینہ مداخلت کے الزام پر تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے، چیف جسٹس پاکستان سے معاملہ کی مکمل انکوائری کرنے اور ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتی ہے، سپریم جوڈیشل کونسل اور متعلقہ اداروں سے مسئلے کا مستقل بنیادوں پر حل تجویز کرنے کی امید کرتی ہے، ہائیکورٹ بار اس بات کا بھی عزم رکھتی ہے کہ اگر عدلیہ کی آزادی کی خاطر تحریک بھی چلانا پڑی تو گریز نہ کریگی کیونکہ عدلیہ کی آزادی پر حرف آنا نظام عدل، انصاف اور معاشرے کیلئے شدید نقصان دہ ہے ہائیکورٹ بار راولپنڈی ڈویژن کی نمائندہ بار ہونے کی حیثیت سے آئین و قانون کی عملداری، عدلیہ کی آزادی اور مختاری کے اصولوں کیساتھ کھڑی ہے۔